پاکستان

فوج عوام کو مایوس نہیں کریگی، جنرل باجوہ: کراچی میں بارش کی تباہ کاریوں کا فضائی جائزہ

اسلام آباد : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کہا ہے کہ کراچی قومی معاشی مرکز ہے۔ ملک کے استحکام اور سلامتی کیلئے کراچی میں امن ضروری ہے۔ پاکستان کا کوئی بھی شہر، اس سطح کی قدرتی آفت سے نہیں نمٹ سکتا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ضرورت کے وقت فوج، عوام کو مایوس نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مسئلہ وسائل کی عدم دستیابی کا نہیں بلکہ ترجیحات کا صحیح تعین کرنا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف دو روزہ دورے پر منگل کے روز کراچی پہنچے جہاں انہوں نے شہر میں بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا فضائی جائزہ لیا۔ بعدازاں آرمی چیف کراچی کور ہیڈ کوارٹرز گئے جہاں انہیں کراچی کی حالیہ تاریخ کے اس بدترین شہری سیلاب کی تباہ کاریوں، صوبہ سندھ کے طول و عرض میں اور بطور خاص کراچی میں سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون کے تحت فوج کی امدادی سرگرمیوں کے بارے میں مفصل بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ کو بتایا گیا کہ شہر میں غیرمعمولی بارشوں اور دہائیوں سے جمع ہونے والے کچرے، بغیر منصوبہ بندی کے پھیلی آبادیوں، اور انفراسٹرکچر کے مسائل نے مل کر صورتحال کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ اصلاح احوال کیلئے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کے تمام منصوبوں کو فوج کی بھرپور تائید حاصل ہو گی تا کہ مستقبل میں اس صورتحال کے ملک کی معاشی سلامتی کیلئے مضمرات پیدا نہ ہوں۔ آرمی چیف نے کہا کہ اس قدرتی آفت نے پاکستان میں بڑے شہروں کے انتظام کی ترجیحات درست کرنے کا موقع فراہم کیا تاکہ مستقبل میں ایسی آفات سے بچ سکیں۔ انہوں نے تباہی سے نمٹنے کے کاموں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ امدادی کاموں کے تحت عوامی افادیت کی حامل خدمات کی بحالی اور بدترین متاثرہ لوگوں کو ترجیح دی جائے۔ کسی خاص مقام یا برادری کے کسی بھی اثرورسوخ کو ضرورت مندوں کیلئے مختص توجہ یا وسائل ہٹانے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ یہ ایک قومی سطح کی آفت ہے جس سے نمٹنے کیلئے ہم سب ایک ہیں ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ضرورت کے وقت فوج، عوام کو مایوس نہیں کرے گی۔ انہوں نے خاص طور پر محرم کے دوران امن و امان برقرار رکھنے پر گیریژن فوجیوں کی تعریف کی اور کہا کہ کراچی اور صوبے میں معمول کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔ بعد میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے ریٹائرڈ، اور گیریژن کے سینئر افسران سے گفتگو کی اور ملکی دفاع اور سلامتی کے لئے ان کی خدمات کو سراہا۔ قبل ازیں، کراچی پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button