پاکستانسیر و سیاحت

جاپانی قونصل جنرل کا کراچی ریلوے سرکلر چلنے پر خوشی کا اظہار ٹرین میں سفر، انتظامات کا جائزہ

کراچی (آئی این پی ) قونصل جنرل جاپان توشی کازو ایسومورا نے سالوں بعد کراچی سرکلر ریلوے کا پہیہ چلنے پر خوشی کا اظہار کیا اور ٹرین میں سفر بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق قونصل جنرل جاپان توشی کازو ایسومورا 4 سال سے زائد عرصے سے کراچی میں قونصل جنرل جاپان تعینات ہیں، وہ کئی دہائیوں سے پاکستان میں ہیں اور یہاں کے معاشرتی، سیاسی اور معاشی امور پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ اردو زبان پر عبور رکھنے والے اس جاپانی سفارتکار کو شہر کے دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ کراچی سرکلر ریلوے منصوبے میں بھی گہری دلچسپی رہی ہے۔ توشی کازو گزشتہ دنوں کراچی سرکلر ٹرین چلنے کی خبروں پر پرمسرت نظر آئے، وہ کے سی آر کا پہیہ چلتے ہی ٹرین پر سفر کرنے کے لیے بے چین تھے۔ قونصل جنرل گزشتہ شام کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے اور ٹکٹ کانٹر سے از خود شام 5 بجے روانگی کے لیے تیار لوکل ٹرین کا ٹکٹ خریدا اور ریلوے ٹکٹ کلکٹر سے ٹرین کے بارے میں معلومات حاصل کیں، پلیٹ فارم پر روانگی کے لیے تیار کراچی سرکلر ٹرین کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ٹرین کی تصاویر بنائیں، ٹرین کے انجن کی تصویر بناتے ہوئے انہیں ٹرین کی روانگی کے وقت ہونے کا احساس ہوا تو وہ بھاگ کر ٹرین میں سوار ہوگئے۔ ٹرین 2 منٹ تاخیر سے شام 5 بج کر 2 منٹ پر سٹی اسٹیشن سے پیپری ریلوے اسٹیشن کے لیے روانہ ہوئی تو وہ مطمئن ہوگئے، قونصل جنرل جاپان نے ٹرین میں گھوم پھر کر بوگیوں کی کوالٹی چیک کی۔ قونصل جنرل جاپان کینٹ اسٹیشن پر ٹرین سے اتر گئے اور اسٹیشن سے باہر نکلتے وقت کے سی آر پر سفر کا ٹکٹ یادگار کے طور پر اپنے ساتھ رکھ لیا۔ جاپانی قونصل جنرل توشی کازو ایسومورا نے کے سی آر چلانے کی پاکستان ریلوے کی کوشش کو سراہا اور کہا کہ کئی دہائیوں سے بند کراچی سرکلر چل پڑی ہے یہ دیکھ کر انہیں بے انتہا خوشی ہوئی ہے۔ کراچی سرکلر ریلوے کے زیر تکمیل ٹریک کا بھی دورہ کیا اور بتایا کہ چونکہ انفرا اسٹکچر مکمل کیے بغیر ہی ٹرین چلائی گئی ہے اس لیے منصوبے میں ابھی کچھ خامیاں ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وقت کے ساتھ سروس میں بہتری آجائے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Welcome! It looks like you're using an ad blocker. That's okay. Who doesn't? But without advertising-income, we can't keep making this site awesome.